میاں شہباز شریف لندن سے واپس پاکستان پہنچ گئے۔

میاں شہباز شریف لندن سے پاکستان پہنچ گئے، شہبازشریف پی آئی اے کی پرواز پی کے786 سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں ان کا استقبال سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، عطا تارڑ اور شیخ ناصر نے کیا۔ میاں شہباز شریف کچھ دیر تک شاہد خاقان عباسی سے بات چیت بھی کرتے رہے۔

قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے وطن واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وطن واپس پہنچا ہوں، میاں نواز شریف کی طبعیت خراب تھی وہاں اس لیے ٹہرا تھا کہ میاں نواز شریف کا دل کا آپریشن ابھی ہونا باقی ہے، ان کے معالج چھٹی پر تھے اب آگئے ہیں الله تعالی سے دعا ہے انھیں صحت دیں۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ پاکستان اور قوم بڑے امتحان سے گز ر رہی ہے، ائیراسپیس بند ہوئی تو میاں نواز شریف نے کہا کہ آپ پاکستان جائیں، میاں نواز شریف کی مشاورت سے بطور ایک رضاکار واپس آیا ہوں، نواز شریف کےعلاج کی غرض سےساتھ گیا تھا اور نوازشریف کی قیادت میں ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا۔

میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزمائش کے وقت قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، کرونا وائرس کی وبا جس کو آفت کہوں گا قوم کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے، الله تعالیٰ کی مہربانی سے پوری قوم متحد ہے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا میرا اور ہمارے خاندان کا مرنا جینا اس ملک کے ساتھ ہے اور میاں نواز شریف کا بھی یہی پیغام ہے کہ قوم متحد رہے، انشاء الله الله تعالیٰ اس آزمائش سے نکال دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی لیڈر شپ میں ماضی میں بھی ہم نے ایک ٹیم کے طور ہر کام کیا، الله کا شکر ہے اس نے کامیابیاں دیں اب بھی پارٹی اور عوام کے ساتھ مل کر اس مشکل میں کام کریں گے، میاں شہباز شریف نے پریس ٹاک کا اختتام اس شعر پر کیا: فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں، موج ہے دریا میں بیرون دریا کچھ نہیں۔

میاں شہباز شریف کی آمد سے قبل مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میاں شہباز شریف نے ملک و قوم کی خدمت کی، چاہے حالات کچھ بھی ہوں زلزلہ ہو، سیلاب ہو یا ڈینگی والا معاملہ ہو، بھائی میاں نواز شریف کو شدید علالت میں چھوڑ کر واپس وطن آئے ہیں، مقصد ملک قوم کی خدمت یے لوگوں کی زندگیوں کا معاملہ ہے، انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف بھی کرونا وائرس کے حوالے سے جو کردار ادا کرسکے کریں گے۔

عطا تارڑ نے مزید بتایا کہ میاں شہباز شریف کے لیے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر قرنطینہ کا بندوبست کردیا گیا ہے، میاں شہباز شریف لاہور میں ایس او ی کے مطابق اپنے گھر میں آئسولیشن میں رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں