گوجرانوالہ کے مزید 2 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا ديا گيا۔

گوجرانوالہ: (میڈیا ون نیوز) کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر گوجرانوالہ کے مزید 2 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا ديا گيا۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گوجرانوالہ کے کابل بلاک ڈی سی کالونی اور سیٹلائٹ ٹاؤن نزد ایم بی پارک کےعلاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگايا گيا ہے۔

لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور دفاتر بند رہیں گے۔

علاقہ مکینوں کی نقل وحمل محدود ہوگی۔ انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کرسکے گا اور ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔

گروسری اسٹور، جنرل/کریانہ اسٹور، آٹے کی چکی، پھل اور سبزی کی دکانیں، تندور اور پیٹرول پمپ صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ طبی امداد سے متعلق تمام اسپتال، کلینک اور لیباٹری 24 گھنٹے کھلی رہیں گی۔

دودھ کی دکانیں اور گوشت کی دکانیں صبح 7 بجے سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں وائرس سے مزید 85 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد کرونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار 753 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینیٹر (این سی او سی) کے مطابق 24گھنٹے میں مزید 2 ہزار 152 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔ کرونا وائرس کے فعال کيسز کی تعداد 38 ہزار 511 ہے جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 67 ہزار 222 تک پہنچ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں