10 سال کی عمر میں ایک اشتہار کے ذریعے اداکاری کا آغاز کیا- اداکارہ میرا

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ میرا نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھارت گئی تھی تو سیف علی خان کے ساتھ کام کی پیشکش ہوئی تھی۔

اداکارہ میرا نے ناشپتی پرائم کے پروگرام ’بائی دے وے‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں مہوش حیات بہترین اداکارہ ہیں اور وہ کافی اچھا کام کر رہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں میرا نے مبہم انداز میں ماہرہ خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اچھا کام کرتی ہیں مگر انہوں نے کوئی ایسا بہترین کام نہیں کیا، جس وجہ سے وہ ان کی دل سے تعریف کریں۔

میرا نے ماہرہ خان پر بات کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیا اور ساتھ ہی انہوں نے ساتھی اداکاراؤں کے حوالے سے بات کرتے وقت بھی زیادہ بات کرنے سے گریز کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریما خان ان سے سینیئر ہیں اور ان کی فلم باجی ریلیز ہونے کے بعد ریما کو چاہیے تھا کہ وہ ان کے لیے تحائف بھجواتیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اداکار شان کو مشورہ دیا کہ انہیں آگے آکر فلم انڈسٹری کی سیاست کی کمان سنبھالنی چاہیے۔ ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں، فلم ساز ندیم بیگ کی فلم میں جلد ہی ایکشن میں دکھائی دوں گی۔

بھارتی و پاکستانی فلم انڈسٹری میں فرق کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں میرا نے بتایا کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں اداکاروں کا خیال زیادہ رکھا جاتا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ بھارت گئی تھیں تو انہیں جب تک ہی جان نامی فلم میں سیف علی خان کے ساتھ کام کی پیش کش ہوئی تھی جب کہ انہوں نے جھانسی کی رانی سمیت دیگر فلموں میں کام کے لیے بھی معاہدے کیے تھے۔

خیال رہے کہ جب تک ہے جاں فلم میں شاہ رخ خان، کترینہ کیف اور انوشکا شرما نے کام کیا تھا جب کہ جھانسی کی رانی فلم میں کنگنا رناوٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

میرا نے دعویٰ کیا کہ انہیں دیگر کئی بھارتی فلموں میں کام کی پیش کش بھی ہوئی تھی مگر جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوئے تو انہیں بھارت سے پاکستان واپس آنا پڑا۔

خیال رہے کہ میرا 2003 اور 2004 میں بھارت گئی تھیں اور ان کی پہلی بولی وڈ فلم نظر 2005 میں ریلیز ہوئی تھی۔

مذکورہ فلم کے بعد میرا نے بولی وڈ کی دوسری فلم کسک میں بھی کام کیا تھا جو 2006 کے آغاز میں ریلیزہوئی تھی، اس کے بعد میرا نے تیسری فلم پانچ گھنٹے میں پانچ کروڑ میں بھی کام کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں