کرس گیل کی شمولیت سے کوئٹہ گلیڈیٹر مضبوط ہوگی، مجھ پر کوئی اضافی دباؤ نہیں- سرفراز احمد

لاہور: (ویب ڈیسک) چند روز قبل سینئر پلیئر محمد حفیظ اور سابق کپتان سرفراز احمد کے درمیان ٹویٹر پر محمد رضوان کے معاملے پر نمبر ون وکٹ کیپر کے معاملے پر لفظی نوک جھوک ہوئی تھی، تاہم اس پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کی عزت میرے دل میں ہمیشہ رہے گی۔

کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں پی ایس ایل 6 میں ٹیم کی قیادت کرنے ساتھ وکٹ کیپنگ بھی خود کروں گا اور اعظم خان متبادل وکٹ کیپر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈرافٹ میں اچھا سکواڈ بنا ہے، کرس گیل کی شمولیت سے کوئٹہ گلیڈیٹر مضبوط ہوگی، ایسی ٹیم بنانا چاہتے ہیں جو ابتدا سے فائنل تک کھیلے، مجھ پر کوئی اضافی دباؤ نہیں، بطورکپتان اور کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ میرا بیٹنگ آرڈر حالات کے مطابق ہی ہوگا، نسیم شاہ انجری سے نجات حاصل کرچکے ہیں اور بھرپور ردھم میں نظر آ رہے ہیں، عثمان شنواری کی باؤلنگ سے ہمیں فائدہ ہوگا جبکہ عمر گل کی باؤلنگ کوچنگ سے بھی فائدہ اٹھائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ محمد رضوان سے میرا کوئی مقابلہ نہیں، رضوان اپنی ٹیم کے لیے جدوجہد کریں گے، میں اپنے سکواڈ کو کامیاب کرانے کی کوشش کروں گا۔ میچ میں 6 بیٹسمینوں کی شمولیت کو ترجیح دیں گے، اب باؤلرز بھی بیٹنگ پر توجہ دے رہے ہیں، تماشائیوں کی مخصوص تعداد کو میچ دیکھنے کی اجازت ملنا خوش آئند ہے۔

محمد حفیظ سے متعلق ٹوئٹر پر ہونے والے معاملے پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ محمد حفیظ میرے بڑے ہیں، ان کی بہت عزت کرتا ہوں، محمد حفیظ کی عزت میرے دل میں رہے گی، کامیابی کے لیے بلند عزائم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل 6 میں اپنی ٹیم کی قیادت کرنے ساتھ وکٹ کیپنگ بھی خود کروں گا،اعظم خان متبادل وکٹ کیپر ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں