اپوزیشن کا چیلنج قبول: این اے 75 ڈسکہ میں 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی درخواست۔

اسلام آباد: (میڈیا ون نیوز) وزیراعظم عمران خان نے این اے 75 ڈسکہ میں تحریک انصاف کے امیدوار کو حلقے کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی درخواست جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ شفاف الیکشن کے لیے جدوجہد کی، تحریک انصاف کے امیدوار سے گزارش کررہا ہوں کہ وہ این اے 75 ڈسکہ کے ان 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادے کہ جن حلقوں پر اپوزیشن واویلا کررہی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ شفاف اور آزادانہ الیکشن کی حمایت کی ہے۔ اگرچہ ہمیں این اے 75 ضمنی الیکشن میں قانونی طور پر کسی پابندی کا سامنا نہیں لیکن اس کے باوجود میں اپنے امیدوار سے درخواست کروں گا کہ وہ 20 پولنگ سٹیشنز میں ری پولنگ کی درخواست کرے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم انتخابات کے عمل میں شفافیت چاہتے ہیں اور اسی لئے ہماری خواہش ہے کہ سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ کیا لیکن بدقسمتی سے دوسروں نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔ جب ہم نے 2013ء میں صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تو اسے تسلیم کرنے میں دو سال کا عرصہ لگا دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں