سینیٹ انتخابات : اسلام آباد کی جنرل نشست پر دو ہیوی ویٹس مدمقابل ہیں۔

اسلام آباد: (میڈیا ون نیوز) حکومت کی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ 3 مارچ تاریخی دن ہوگا، ہم ہی کامیاب ہوں گے۔ چاہتے ہیں سینیٹ الیکشن شفاف ہوں اور اس میں خرید وفروخت نہ ہو۔ لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سینیٹ انتخابات میں سب سے بڑا مقابلہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ حفیظ شیخ کے درمیان ہوگا، قومی اسمبلی کے 341 ارکان اسلام آباد سے سینیٹ کی ایک جنرل نشست پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جیت کے لیے 171 ووٹ درکار ہوں گے، حکومتی اتحاد 181 ارکان جبکہ اپوزیشن اتحاد 160 ارکان پر مشتمل ہے۔

ایم کیو ایم رہنما امن الحق کا کہنا تھا کہ زبیدہ جلال کے گھر تمام حکومتی اتحادی اکٹھے ہوئے۔ ایم کیو ایم کا فیصلہ ہے حکومت کا ساتھ دیں گے۔ پارلیمنٹ کی بالادستی اور کرپشن کیخلاف حکومت کے ساتھ ہیں۔ ہم نے کسی موقع پر وزارت کی بات نہیں کی۔ سندھ کے شہری علاقوں کے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ 13 سال میں پیپلز پارٹی نے کراچی کو 13 بسیں اور 13 گیلن پانی نہیں دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں