یہ وہ لوگ ہیں جو چوری کرتے ہیں- شبلی فراز نے اپوزیشن پر کیمرہ لگانے کا الزام لگا دیا۔

اسلام آباد:(میڈیا ون نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپوزیشن پر کیمرہ لگانے کا الزام لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ بوتھ میں کیمرے لگانے کی تحقیقات کرائیں گے، اس قسم کی حرکتوں کے یہ ماسٹر مائنڈ ہیں، شفاف انتخابات کیلئے ہر طریقہ اپنایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے ڈرامہ رچایا، اپوزیشن کے لوگوں نے گھناؤنی سازش کی، خفیہ کیمروں کی تحقیقات کریں گے، یہ ووٹ کینسل کرنے کا طریقہ بھی بتاتے ہیں، اس کام کے ماہر جائے واردات پر خود ہی پہنچ گئے، علی گیلانی کی ویڈیو بھی منظرعام پر ہے، ویڈیو میں علی گیلانی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو چوری کرتے ہیں اور ایف آئی آر بھی درج کراتے ہیں، دھونس اور دھاندلی ان کی سیاست کے بنیادی اصول ہیں، ہم نے ان کی سازش کو بے نقاب کیا ہے، کرپٹ ٹولے سے نجات کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہماری اور اپوزیشن کی جیت میں فرق ہے، یہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

یاد رہے اپوزیشن نے پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمرہ لگا ہونے کا دعویٰ کیا تھا، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر نے خفیہ کیمرہ کی تصویر بھی ٹویٹ کی اور کہا میں نے اور مصدق ملک نے پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمرہ دیکھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں