ٹی ایل پی نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ وزیراعظم

اسلام آباد:(میڈیا ون نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت نے تحریک لبیک پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی، ٹی ایل پی نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی اور غیر ملکیوں کو ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں، تحریک لبیک پاکستان کے خلاف انسداد دہشتگردی قوانین کے تحت کارروائی کی گئی، تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا گیا، سڑکوں پر پرتشدد مظاہرے کیے گئے، مظاہرین کی جانب سے قانون نافذ کرنے والوں پر حملے کیے گئے، قانون اور آئین سے کوئی بالاتر نہیں ہوسکتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مغربی حکومت نے ہولوکاسٹ کے بارے میں کسی بھی منفی تبصرے پر پابندی لگائی، مغربی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ ہمارے نبیﷺ کی توہین کرنے والوں کے لیے یہی معیار اپنائیں، مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز پیغامات پھیلانے والوں کے لیے بھی سزا کا یہی معیار ہونا چاہیے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بیرون ملک اسلامو فوبیا اور نسل پرستی میں ملوث انتہا پسند سن لیں حضوراکرمؐ ہمارے دلوں میں بستے ہیں، بیرون ملک انتہا پسند ایک ارب 30 کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں، مسلمان سب سے زیادہ پیار اور احترام حضور اکرمؐ کا کرتے ہیں، ہم توہین برداشت نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں