فوج ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے پولیس کی مدد کرے گی- وزیراعظم

اسلام آباد: (میڈیا ون نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ فوج ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے پولیس کی مدد کرے گی، لاک ڈاؤن نہیں کر رہے، لوگوں نے احتیاط نہ کی تو سب کچھ بند کرنا پڑے گا، مثبت کیسز میں اضافہ ہوتا رہا تو ہسپتالوں پر بوجھ بڑھے گا، گھر سے باہر جاتے ہوئے ماسک استعمال کریں۔

قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کے اجلاس سے وزیراعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، بہت کم لوگ ایس او پیز پر عمل درآمد کر رہے ہیں، شہری ماسک کا استعمال ضرور کریں، ماسک پہننے سے آدھا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں آکسیجن کی کمی ہوگئی ہے، ہمارے ہاں وہ حالات نہیں جو ہندوستان میں ہیں، بھارت جیسے حالات ہو گئے تو شہر بند کرنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لوگ آج کہہ رہے ہیں لاک ڈاؤن کر دیں، لاک ڈاؤن اس لیے نہیں کر رہا کیوں کہ مزدور اور غریب طبقہ متاثر ہوگا۔ ہماری مساجد میں ایس او پیز پر عمل ہوا۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ 5 فیصد سے زائد کیسز والے علاقوں میں سکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک بھر میں تمام مارکیٹیں شام 6 بجے تک کھلیں گی، ریسٹورنٹس میں عید تک ان ڈور کے بعد آؤٹ ڈورڈائننگ پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے، آفس ٹائمنگ 2 بجے تک کی جا رہی ہے، لوگ آخری دنوں کا انتظار نہ کریں، عید کی تیاری کریں۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ سال جب گرمیوں میں کورونا کی پہلی لہر آئی تو ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا، ہم پچھلی کورونا کی لہر میں مثبت کیسز کی شرح سے بہت اوپر جاچکے ہیں، آکسیجن کے استعمال پر دباؤ زیادہ ہے، ہم 90 فیصدآکسیجن استعمال کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں